لاہور، اسلام آباد( این این آئی)وفاق میں مرکزی حکومت کی تبدیلی کے بعد گورنرز کے استعفوں کی ہوا چلنے کا قوی امکان ہے ، پنجاب میں گورنر کیلئے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا نام گردش کرنے لگا ۔
ماضی کا جائزہ لیا جائے تو مرکز میں حکومت کی تبدیلی کے بعد صوبوں میں گورنرز کی تبدیلی بھی ہوتی ہے اور اسی تناظر میں تحریک انصاف سے وابستگی رکھنے والے گورنرزکی جانب سے عہدوں سے مستعفی ہونے کا قوی امکان موجود ہے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں پیپلز پارٹی کو گورنر شپ دی جا سکتی ہے اور اس عہدے کے لئے قمر زمان کائرہ کا نام زیر گردش ہے ۔دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق گورنر سندھ اس وقت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے اجلاس میں شریک ہوئے۔گورنر سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کراچی واپسی پر اپنا استعفیٰ بھجوائیں گے۔ذرائع نے کہا کہ گورنر سندھ کے اہل خانہ فی الحال گورنر ہائوس میں ہی مقیم ہیں۔