اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک ایران تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔پاکستان نے ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ شروع کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کردیا۔مال کے بدلے مال کی تجارت کوئٹہ اور زاہدان چیمبرز آف کامرس کے درمیان ہو گی ،نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،روزنامہ جنگ میں عاطف شیرازی کی خبر کے مطابق بارٹر ٹریڈ کوئٹہ اور زاہدان چیمبرز آف کامرس اینڈ
انڈسٹری کے درمیان معاہدے کے تحت ہوگی-وزارت تجارت نے ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ یعنی اشیاء کے بدلے اشیاء کی تجارت شروع کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،کسٹمز کی جانب سے بارٹر ٹریڈ کیلئے وی باک میں خصوصی گڈز ڈیکلریشن کوڈ یعنی”بی ٹی” متعارف کیا جائے گا-ایف بی آر کی جانب سے کوئٹہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو وی باک کیلئےخصوصی لاگ ان آئی ڈی اور پاسورڈ تک رسائی دی جائے گی-نوٹفیکیشن کے مطابق کسٹمز کیو سی سی آئی کے ساتھ بی ٹی ڈیٹا کا ماہانہ بنیادوں پر تبادلہ کرے گا جبکہ کیو سی سی آئی اور زیڈ سی سی آئی بارٹر ٹریڈ کے تحت سہ ماہی بنیادوں پراعدادو شمار کا جائزہ لیں گے-نوٹیفیکشن کے مطابق کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے چیمبر میں بارٹر ٹریڈ سیل قائم کیا جائے گا-کیو سی سی آئی بارٹر اشیاء کیلئے پاکستانی روپیوں میں بینک اکاؤنٹ کھولے گا اور بارٹر ٹریڈ کے خواہش مندایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو رجسٹر کرے گا-ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کیو سی سی آئی کے اجازت نامے سے مشروط ہوگی-بارٹر ٹریڈ اشیاء کی مالیت کو پاکستانی روپیوں میں سیٹلڈ اور ڈکلیرڈ کیا جائے گا- یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے وزارت تجارت نے پاکستان کی جانب سے ایران اور افغانستان کے ساتھ بارٹر ٹریڈ شروع کرنے کیلئے ریگولیٹری کور سے متعلق ایکسپورٹ اور امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔