اسلام آباد (این این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جاتی ہے تو ہمیں گھر چلے جانا چاہیے۔ایک انٹرویومیں شیخ رشید نے کہاکہ کچھ لوگ ہار کا بھی مزہ لیتے ہیں، میں تو انجوائے کر رہا ہوں کہ 4 سال ہو گئے ورنہ ہم تو 10، 10 مہینے میں جاتے رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ ہمارے خلاف
عدم اعتماد کامیاب ہو جاتی ہے تو ہمیں گھر چلے جانا چاہیے، اپوزیشن نے یہ جو فولش شاٹ کھیلا ہے یہ اْسے راس آگیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان اب لاہور، گوجرانوالہ اور کراچی میں جلسہ کرے گا، خان صاحب کیلئے پیسہ مسئلہ نہیں ہے، ساری قوم ان کے لیے نکل آئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے، ذمہ داروں سے کہتا ہوں کہ روزوں کے بعد کرائیں یا حج کے بعد کرائیں، الیکشن کرائیں، ایک شفاف الیکشن ہو تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ یہ الیکٹڈ ہے یہ سلیکٹڈ ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عمران خان کو ایکس (سابقہ) وزیر اعظم قرار دیدیا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ افسوس کی بات یہ ہے کہ عمران خان کی قسمت میں اقتدار سے جانا بھی عزت سے نہیں لکھا ۔ انہوں نے کہاکہ اصل میں دھرنا ذہنیت کے لوگ آئینی اور جمہوری طریقے سے گھر جانا نہیں جاتے ۔ انہوں نے کہاکہ یوم نجات ہے، عوام کو آٹا،چینی، بجلی، گیس، دوائی، کھاد چور وں سے نجات مبارک ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا سرپرائز ملنے جا رہا ہے، عمران صاحب اپنے خیالی قلعوں کی دنیا سے سنگلاخ زمینی حقیقتوں میں آجائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام آئینی، جمہوری اور پارلیمانی روایات والے پاکستان میں قدم رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ فارن فنڈنگ سے آنے والی عمران صاحب کی حکومت آج آئینی وجمہوری عمل سے گھر جارہی ہے ،سابقہ وزیراعظم کو آئین اور جمہوریت کے عمل سے گھر جانے کی تیاری ہو چکی ہے۔