اسلام آباد/لاہور( این این آئی)وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کو برطرف کر کے پارٹی کے دیرینہ کارکن عمر سرفراز چیمہ کو گورنر پنجاب مقرر کر دیا ۔یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بتائی۔
ذرائع کے مطابق چوہدری محمدسرورموجودہ سیاسی حالات میں بھی پارٹی کیلئے سر گرمیاں نہیں کر رہے تھے ۔ یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ گورنر پنجاب پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کرنے والے پی ٹی آئی کے ایک گروپ سے مکمل رابطے میں تھے جس کا علم ہونے پر وفاقی حکومت نے انہیں اچانک برطرف کرنے کا فیصلہ کیا۔چوہدری سرور کی اچانک برطرفی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی راہداریوں میں بھی اراکین اسمبلی چوہدری سرور کی برطرفی پر گفتگوکرتے رہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کر دیا گیا ۔فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں تقرر ی بارے بتایا۔عمر سرفراز چیمہ 1996ء سے تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ان کا شمار پارٹی کے دیرینہ کارکنوں میں ہوتا ہے ۔عمر سرفراز چیمہ نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میری ابھی قیادت سے بات ہوئی ہے، بتایا گیا ہے کہ آپ نئے گورنر ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جہاں سمجھیں گے ان کا ساتھ دوں گا۔