لاہور، اسلام آباد (مانیٹرنگ، آن لائن) ترجمان گورنر ہائوس نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کرنے کے بارے میں خبروں کی تردید کی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ
گورنر پنجاب کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ ابھی تک موصول نہیں ہوا ہے، وزیراعلیٰ کے استعفے کی منظوری کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے، دوسری جانب چوہدری برادران وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ قبول نہ ہونے پر تشویش کا شکار ہیں ۔ گورنر چوہدری سرور بھی استعفیٰ کی منظوری سے متعلق وزیراعظم کے حکم کے منتظر ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفیٰ ابھی تک وزیراعظم نے اپنے پاس رکھا ہوا ہے،پرویز الٰہی نے بھی عثمان بزدار کا استعفیٰ جلد قبول کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔عمران خان ایم کیو ایم کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد اس پر فیصلہ کرسکتے ہیں۔ ق لیگ پریشان ہے کہ کہیں ہمارے ساتھ ہاتھ نہ ہوجاے۔استعفیٰ کی منظوری نہ ہونے کہ وجہ سے ابھی تک پرویز الٰہی نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے سے استعفی نہیں دیا ۔ق لیگ کے بعض رہنماوں کا موقف ہے کہ صورت حال واضح ہونے تک ہمیں جلد بازی نہیں کرنی چاہیے تھی۔