لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کیلئے تیاریاں تیز کر دیں،اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور ذیلی ونگز کو کارکنوں اور عوام کو متحرک کرنے اور لانگ مارچ میںان کی شرکت یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی گئیں۔
مریم نواز اور حمزہ شریف صوبائی دارالحکومت لاہور سے 20ہزار سے زائد کارکنان کے ہمراہ روانہ ہوں گے جبکہ راستے میں آنے والے اضلاع سے کارکنان لانگ مارچ کا حصہ بنتے جائیں گے۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی زیر صدارت ماڈل ٹائون میں اہم اجلاس ہوا جس میں پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں لاہور سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی ،ٹکٹ ہولڈرز سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں لانگ مارچ میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیااور اس کے لئے اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراکین اسمبلی ، ٹکٹ ہولڈرز کے علاوہ پارٹی کے ذیلی ونگز کے عہدیداروں کو بھی کارکنوں کو متحرک کرنے اور ان کی لانگ مارچ میں شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کو بھی لانگ مارچ کے کارواں میں شریک کرنے کے لئے قائل کیا جائے اور اس کے لئے ان سے رابطے بڑھائے جائیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقہ میں پارٹی ورکرز کو متحرک کریں،ڈویژن اور ضلعی عہدیداران آج اتوار تک لانگ مارچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں، لانگ مارچ کا قافلہ چوبیس مارچ کی رات گوجرانوالہ میں قیام کرے گا ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام حکومت سے تنگ آ چکے ہیں،اب اس حکومت کا گھر جانا نوشتہ دیوار ہے ،حکمرانوں سے ملک کونااہلی اور کرپشن کی دلدل میں ڈبونے کا حساب لینے کا وقت آ چکا ہے، اپوزیشن آئین اور قانون کے مطابق کٹھ پتلی وزیراعظم کو ہٹائے گی۔