لاہور (این این آئی)حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے منہ پر ٹیپ لگا دینی چاہیے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریروں میں ڈاکو، چور، لٹیرے، کرپٹ کے الفاظ سن سن کر عوام کے کان تھک گئے ہیں، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ کھودا پہاڑ نکلا چوہا لیکن تشویش کی بات یہ ہے کہ عمران نیازی اپنی حرکات و سکنات کی وجہ سے سکیورٹی معاملات پر غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرتاہے،
پہلے اپوزیشن کو للکارتا تھا اب امریکہ کو کہتا ہے ابسلوٹلی ناٹ، مجھے بتائیں یہ کون سی ڈپلومیسی ہے، یورپی یونین کو بڑے جلسے میں رگیدتا ہے، یہ کون سی فارن پالیسی ہے، اس بات پر ان کے وفاقی وزیر خزانہ کو کہنا پڑ گیا کہ انہیں عوام میں یہ بات نہیں کرنی چاہیے تھی، حمزہ شہباز نے کہا کہ میرے خیال میں وفاقی کابینہ کو ایسی ٹیپ تیار کرنی چاہیے جب عمران نیازی ملکی مفادات اور غیر ممالک کو بھی طرح طرح کی آوازیں لگائے اس کے منہ پر ٹیپ لگا دیں، کیونکہ ٹیپ لگانا ضروری ہے کیونکہ یہ سچ جب بولتا ہے تو ملکی مفادات کا نقصان کرتا ہے، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک جمع ہوتے ہی وزیراعظم بدزبانی، تضحیک اور بازاری زبان پر اتر آئے ہیں،یہ تقریر وزیراعظم پاکستان کی نہیں بلکہ کنٹینر پر کھڑے ایک ہارے ہوئے انسان کی تھی۔ حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اب ملک کو نااہلی اور کرپشن کی دلدل میں ڈبونے کا حساب دینے کا وقت ہے۔ اب عوام کو مایوسی غربت اور مہنگائی کی پاتال میں دھکیلنے کے حساب کا وقت ہے۔اس وقت اپوزیشن ملک کو اس آسیب سے چھٹکارا دلوانے کے لئے یکسو ہے۔ اقتدار سے محرومی کے خوف نے وزیراعظم کو بوکھلا دیا ہے۔ اس بوکھلاہٹ میں ملک کی رہی سہی خارجہ پالیسی کو بھی دا پر لگا دیا گیا ہے۔ جھوٹے الزامات اور کیسز کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے۔