لاہور( این این آئی) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ایک کروڑ 72 لاکھ روپے کی کرپشن میں ملوث گریڈ 17 کے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کوگرفتارکر لیا ،ملزم نے ڈی جی خان کی تحصیل کوٹ چٹھہ میں تعیناتی کے دوران سرکاری خزانے کو ایک کروڑ 72 لاکھ روپے کا نقصان
پہنچایا۔ ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس کے مطابق ملزم اظہر حیات کے خلاف پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ میں بھی پیڈا ایکٹ کے تحت تحقیقات جاری ہیں،تحقیقات کی بنا ء پر ملزم کو پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ نے او ایس ڈی کر رکھا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ڈی جی خان میں مقدمہ نمبر 11/20 درج ہے۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے تحقیقات کے بعد مقدمہ میں نامزد ملزم اظہر حیات کو گرفتار کیا۔ علاوہ ازیںاینٹی کرپشن سے پولیس اہلکاروں سے 13 لاکھ روپے کی ریکوری کر لی ۔اینٹی کرپشن پنجاب نے مال خانہ پولیس جتوئی ضلع مظفر گڑھ میں 13 لاکھ روپے سے زائد خرد برد کرنے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس کانسٹیبل محمد عدنان، ہیڈ کلرک جعفر حسین اور عمران اللہ کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن مظفر گڑھ میں مقدمہ نمبر 958/21 درج ہے۔ مقدمہ میں نامزد ملزمان سے 13 لاکھ 32 ہزار روپے وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کروا دئیے گئے۔