کراچی(این این آئی)پی ایس ایل 7 میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار خود کو قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 7 کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو باآسانی 57 رنز سے شکست دی۔وہاب ریاض نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکست کی ذمہ داری مجھ پر عائد ہوتی ہے، میں نے آخری اوور میں کافی رنز دیے تھے
۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بولنگ اچھی نہیں کی فیلڈنگ میں بھی کیچز ڈراپ کیے، اچھی فیلڈنگ ہوگی تو رنز بچیں گے، ایک کیچ پورا میچ تبدیل کردیتا ہے۔زلمی کے کپتان نے کہا کہ ہمیں اپنی فیلڈنگ اور بولنگ پر کام کرنے کی ضرورت ہے، آئندہ میچز میں کوشش کریں گے کہ غلطیوں پر قابو پاکر کامیابی حاصل کریں۔