اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران کی ہدایات پر کسٹم حکام نے افغان درآمدات کیلئے اسٹیٹ بینک کی الیکٹرانک امپورٹ فارم (ای آئی ایف) کی شرط تاحکم ثانی ختم کر دی،آئی ایف فارم کی عدم دستیابی کے باعث طورخم سرحدکیدونوں اطراف دس ہزار سے زائد کارگوگاڑیاں
پھنس گئی تھی تاہم ای آئی ایف فارم کی شرط ختم ہونے کے باعث طورخم سرحدی گزر گاہ کے دونوں اطراف پھنسی 10 ہزار سے زائد درآمدی اشیاء کی گاڑیوں کی کلیئرنس شروع کر دی گئی ہے۔ایڈیشنل کلکٹر کسٹم طورخم کے مطابق اسٹیٹ بینک نے 13 دسمبر 2021 سے افغان درآمدات کے کسٹم کلیئرنس کے لیے بینک ٹو بینک ٹرانزکشن یا ای آئی ایف کی شرط عائد کی تھی۔تاجر ضیاء سرحدی نے کہا کہ چونکہ افغانستان کا بینکنگ نظام غیر فعال ہے اس لیے تاجروں کے پاس ای آئی ایف فارم دستیاب نہیں تھے تاہم شرط کے خاتمے سے کسٹم کلیئرنس کے عمل میں تیزی آئی ہے۔افغانستان کی کمزور معیشت کے پیش نظر پاکستانی ایکسپورٹ لوکل کرنسی میں کلیئرنس بھی زیر غور ہے۔اس حوالے سے ایف بی آر نے وزارت خزانہ کو سفارشات پیش کیے ہیں تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں باہمی تجارت کا پہیہ چل سکے۔