انقرہ (این این آئی )ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ اسرائیلی صدر آئزک ہیروزگ کے اولین دورہ ترکی سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کا ایک نیا باب
شروع ہو گا۔ ان کی حکومت تل ابیب کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بالخصوص متحدہ عرب امارت اور اسرائیل کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیا ۔انہوں نے کہاکہ اسرائیلی صدر آئزک ہیروزگ آئندہ ماہ ترکی کا دورہ کریں گے، جو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انقرہ حکومت اسرائیل کے ساتھ مختلف شعبہ جات بالخصوص قدرتی گیس کی تجارت میں تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ترک صدر کے ان بیانات پر اسرائیلی دفتر خارجہ کی طرف سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ۔ تاہم یہ بات واضح ہے کہ اسرائیل بھی اپنی خارجہ پالیسی میں کچھ تبدیلی لاتے ہوئے مسلم ممالک سے تعلقات میں بہتری کا متقاضی نظر آ رہا ہے۔