ممبئی (این این آئی)بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان نے ان کے نام پر بھارتی پروفیسر کی مدد کرنے والے مصری شخص کے لیے تحفہ بھجوا دیا۔گزشتہ برس کے آخری ایام میں بھارتی ریاست ہریانہ کی اشوکا یونیورسٹی کی اکنامکس کی پروفیسر اشونی دیش پانڈے نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور بتایا کہ مصر میں مجھے ایک ٹریول ایجنٹ
کو ٹکٹس کے لیے ایڈوانس رقم دینی تھی۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ رقم منتقلی میں کچھ مسائل درپیش تھے لیکن ٹریول ایجنٹ نے کہا کہ آپ کا تعلق شاہ رخ خان کے ملک سے ہے، میں آپ پر مکمل بھروسہ کرتا ہوں، آپ کی بکنگ کر دیتا ہوں، پیسے بعد میں دے دیجیے گا۔پروفیسر نے کہا کہ وہ اجنبی شخص شاہ رخ کا اتنا بڑا مداح تھا کہ اس نے کہا کہ کسی اور کے لیے میں یہ بالکل نہ کرتا تاہم شاہ رخ کے لیے کچھ بھی کروں گا۔بعدازاں رواں برس 10 جنوری کو پروفیسر نے ایک اور ٹوئٹ کیا جس میں کچھ تصاویر تھیں، انہوں نے بتایا کہ میں اور میرے خاوند نے اس ٹریول ایجنٹ سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ کس طرح میری ٹوئٹس بھارت میں وائرل ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ اس ٹریول ایجنٹ نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ اگر ممکن ہو تو وہ شاہ رخ کے آٹوگراف والی تصویر ٹریول ایجنٹ کی بیٹی کے نام سے لینا چاہتے ہیں تاہم اب گزشتہ روز انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کی جس میں بتایا کہ آخرکار اس کہانی کا خوبصورت اختتام ہوگیا، شاہ رخ خان کی جانب سے 3 تصاویر موصول ہوئی ہیں، ساتھ ہی ٹریول ایجنٹ کے لیے ایک خوبصورت نوٹ بھی موجود ہے۔اس کے علاوہ شاہ رخ نے بھارتی پروفیسر کے لیے بھی یہ ہی تحفہ بھیجا۔ اشونی نے ٹوئٹ میں سپر اسٹار کی منیجر پوجا ڈڈلانی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس خواب کو حقیقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔