کراچی(این این آئی)غیرملکی ایئرلائن کے خلاف 44 لاکھ روپے معاوضے کی ادائیگی سے متعلق کیس میں عدالت نے ایئرلائن کو 27جنوری کا سمن جاری کردیا۔کنزیومر کورٹ میں پاکستانی نژاد دو امریکی شہری کی جانب سے غیرملکی ایئرلائن کے خلاف 44 لاکھ روپے معاوضے کی
ادائیگی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔درخواست گزاروں نے کہا تھا کہ 9 نومبر کو کراچی سے امریکی شہر ہیوسٹن کیلیے غیرملکی ایئرلائن کا ٹکٹ بک کرایا تاہم مقررہ وقت پر ایئرپورٹ پہنچے تو ایئرلائن عملے نے بورڈنگ سے انکار کردیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایئرلائن عملے نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ کا پاکستانی قومی شناختی کارڈ ایکسپائر ہوچکا ہے حالانکہ ہم نے امریکی پاسپورٹ پر انحصار کیا تھااور قومی شناختی کارڈ کی تجدید کیلیے آن لائن اپلائی کررکھا تھا اس کے باوجود ایئرلائن عملے نے بورڈنگ پاس جاری نہیں کیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا شناختی کارڈ چیک کرنا ایئرلائن کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔کنزیومر کورٹ نے درخواست پر غور کرتے ہوئے غیرملکی ایئرلائن کو 27 جنوری کا سمن جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیاہے۔