مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) لیڈی ڈاکٹر اور پاک فوج کا افسر بن کر لوگوں کو لوٹنے والا گروہ آزاد کشمیر سے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، نجی ٹی وی کی رپورٹ
کے مطابق گینگ کے تینوں ملزمان پولیس نے گرفتار کر لئے ہیں، اس گروہ کو پولیس نے ضلع ہٹیاں بالا کے لائن آف کنٹرول پر واقع گاؤں چکوٹھی کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا۔ ملزمان میں دو مرد اور ایک عورت شامل ہے۔ ملزم عبدالحمید قریشی ولد عبدالمجید قریشی اپنے آپ کو پاک فوج کا کرنل بتا کر لوگوں سے پیسے لوٹتا تھا جبکہ ملزمہ ماریہ شفیق خود کو لیڈی ڈاکٹر بتا کر نوسربازی کرتی تھی۔ تیسرے ملزم کا نام محسن خان عباسی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تینوں ملزمان متعدد شہریوں کو لوٹ چکے ہیں، اس جعلی کرنل نے گزشتہ دنوں عامر نامی ایک شخص پچیس ہزار روپے ہتھیا لئے تھے، عامر نامی شخص نے پولیس کو رپورٹ کر دی جس پر پولیس نے ملزم کا فون نمبر ٹریس کیا اور گروہ کے تینوں افراد کو گرفتار کر لیا۔