اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف ریفرنس دائرکرنیکا عندیہ دیدیا۔ ایک انٹرویومیں (ن) لیگ کے رہنما رانا تنویر
حسین نے کہا کہ چیئرمین نیب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو لکھے خط سے دستبردار ہوئے اور کہا کہ وزیراعظم کا نام غلطی سے گیا،خط چیئرمین کے علم سے جاری ہوا ہے تو ان کیخلاف ریفرنس دائر ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے کمیٹی سے اجازت لینی ہے، خط لکھ کر کمیٹی کو مس لیڈ کرنے کی کوشش کی گئی۔چیئر مین پی اے سی نے کہا کہ پی اے سی کو وزیراعظم کینام پر لکھے گئے خط کی انکوائری کررہے ہیں، وزیراعظم کا دفتر ملوث ہے تو ان سے پوچھا جائے گا اور ذمہ داری کا تعین کرکے کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تفصیل آنے کے بعد ہم وزیراعظم اور چیئرمین نیب کو لکھیں گے، چیئرمین نیب کو کمیٹی کے سامنے آنا پڑے گا، ان کے پاس کوئی دوسرا آپشن ہی نہیں۔