مری (این این آئی)مری میں شدید برفباری، لوگوں کی کم علمی اور انتظامیہ کی جانب سے پیشگی کوئی حفاظتی اقدامات نہ کیے جانے پر لوگ حکومت پر برس پڑے ،
ٹوئٹر پر ’مری اور اسنو فال‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر آگیا۔سوشل میڈیا پر جہاں لوگوں نے سیاحتی مقام پر جانے والے افراد کو قصور وار ٹھہرایا، وہیں لوگوں نے المناک اموات کا ذمہ دار مقامی انتظامیہ اور حکومت کو بھی قرار دیا اور کہا کہ انتظامیہ کو ایسے حالات میں اپنی ذمہ داری کا مطاہرہ کرنا چاہیے تھا۔لوگوں کے مطابق انتظامیہ نے مری جانے والی ٹریفک کو پہلے سے ہی نہیں روکا اور حالات خراب ہونے کے باوجود انتظامیہ سوتی رہی۔بعض افراد نے لکھا کہ جو حکومت مقامی 6 ہزار سیاحوں کوآفت سے نہیں نکال سکتی، وہ غیر ملکی سیاحوں کو آنے کی دعوت دیتی ہے۔بعض لوگوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مری میں لوگوں کی اموات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنا بند کریں۔