اسلام آباد (آن لائن) جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) کے سیکرٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون آج (بدھ کو ) چار روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سارک کے سیکرٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون آج سے 25 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ مارچ 2020 میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سارک سیکرٹری جنرل کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ سارک کے سیکرٹری جنرل وزیراعظم عمران خان اور وزیر
خارجہ سے ملاقات کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔سارک کے بانی رکن کے طور پر پاکستان تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا پاکستان نے ہمیشہ سارک کے عمل اور سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ ترجمان نے کہا پاکستان نے خطے میں تعاون، باہمی اعتماد، سماجی اور ثقافتی ترقی کے سارک مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔