پشاور(این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بلے باز یونس خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں یہاں اکیڈمیوں کے قیام اور انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے وہ گزشتہ روز پشاور میں ایک آئوٹ لیٹس کے افتتاح کے موقع
پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے‘انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود بھی سپورٹس مین ہیں اور ان کی ملک و قوم کے لئے بہت خدمات ہیں ‘ہمارے لئے ملک سب سے آگے ہے خیبرپختونخوا کی اس وقت کی ٹیم بھی چیمپئن ہے ہم نے خود کے پی کی طرف سے بہت کھیلا ‘ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کپ جیتے اور اب بھی کے پی کی ٹیم بہتر ین ہے یہاں اکیڈمیاں بنیں اور کھلاڑیوں کو ملازمتیں دی جائیں تو مزید اچھے کھلاڑی آگے آئیں گے انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کی جانب سے مدرسہ کرکٹ لیگ کے موقع پر بھی پشاور کا دورہ کیا تھا اور اب پشاور آیا ہوں پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم سمیت حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم پر ہونیوالا کام بہترین ہے اس سے کرکٹ کے فروغ و ترقی میں بھرپور مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اراضی فراہم کرے تو وہاں اکیڈمی کھول سکتا ہوں ایک سوال کے جواب میں یونس خان نے کہا کہ کراچی میں رہائش کی وجہ بزنس اور میڈیا ہے اس کے علاوہ میرا سب کچھ مردان میں ہے مردان سے ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں میرے عزیزو اقارب اور میرا ذاتی گھر بھی مردان میں ہے ہمیشہ کے پی کی خدمت کی ہے آئندہ بھی موقع ملا تو خدمت کرتے رہیں گے۔