لاہور( این این آئی)پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے معاملے پر تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) میں بریک تھرو ہوگیا اور دونوں اتحادیوں میں معاملات طے پا گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق)میں مشاورت سے بلدیاتی نظام کا نیا سیٹ اپ طے پا گیا ہے جس کے مطابق پنجاب میں 11میٹرو پولٹین کارپوریشنز ہوں گی ،9ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر میٹرو پولٹین کارپوریشنز ہوں گی۔بتایا گیا ہے کہ گجرات اور سیالکوٹ میں بھی میٹرو پولیٹن کارپوریشنز ہوں گی ،میٹرو پولیٹن میں لارڈ میئر ہوگا ،پنجاب کے باقی 25اضلاع میں ڈسٹرکٹ کونسلز ہوں گی ،ڈسٹرکٹ کونسلز کے سربراہ ڈسٹرکٹ میئر ہوں گے جبکہ نچلی سطح پر نیبر ہڈ اور ویلیج کونسل ہوں گی۔تحصیل کونسلز اور میونسپل کارپوریشنز نہیں ہوں گی،میونسپل کمیٹیز اور ٹائون کمیٹیاں بھی نہیں ہوں گی، بلدیاتی نظام کے دوسرے سیٹ اپ ختم کر دیئے گئے ہیں اورصرف میٹرو پولیٹن، ڈسٹرکٹ کونسل،ویلیج کونسل اور نیبر ہڈ کونسل ہوں گی۔قبل ازیں پنجاب میں بلدیاتی ایکٹ پر مسلم لیگ (ق)کے تحفظات کے معاملے پر چار دن تک ڈیڈ لاک رہا۔