لاہور( این این آئی)پنجاب حکومت نے آئندہ ہائی ویز اور مرکزی شاہراہوں پر نئے سکول قائم کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل
کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہائی ویز اور مرکزی شاہراہوں پر قائم سکولوں، سپتالوں اور پارکوں کے نزدیک سائن بورڈز، کیٹ آئیز نصب کیے جائیں اور جہاں ممکن ہو سروس روڈزاور پیدل سڑک پار کرنے کیلئے اوور ہیڈ برج بنائے جائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بہاولپور میں 52 سکول ہائی ویزاور مرکزی شاہراہوں پر واقع ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہائی ویز اور مرکزی شاہراہوں پر نئے سکول قائم کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔موجودہ سکولوں میں داخلے اور چھٹی کے وقت پولیس اور سکول سکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے جبکہ ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔