لاہور (آن لائن )مسلم لیگ ن کے رہنما علی پرویز ملک نے الزام لگایا ہیکہ پیپلزپارٹی نے جعلی ویڈیو بنا کر ہمارے خلاف مہم چلانے کی کوشش کی ہے۔ایک بیان میں علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے حلقے میں ووٹوں کی خرید وفروخت کی مذمت کرتے ہیں،
امید ہیکہ پیپلز پارٹی کی قیادت اس مکروہ دھندے کا نوٹس لیگی،این اے 133کے عوام نے ان کی جھوٹی مہم کو مسترد کردیا ہے۔علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ 2018میں ن لیگ نے اس حلقے سے 90 ہزار ووٹ لیے تھے، اس الیکشن میں پیپلز پارٹی کا ہمارے ووٹوں کادسواں حصہ بھی نہیں تھا۔ خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 133 لاہور پر ضمنی انتخاب 5 دسمبرکو ہونا ہے، یہ نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ضمنی الیکشن سے قبل سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز سے قرآن پاک پر حلف لیکر ووٹ خریدنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔دوسری جانب سیکرٹری انفارمیشن پیپلز پارٹی پنجاب شہزاد چیمہ کا اس حوالے سے کہنا ہیکہ ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ایسی ویڈیوز دونوں جماعتوں کی طرف سے وائرل ہو رہی ہیں۔ شہزاد چیمہ نے کہا کہ پارٹی نے کسی کو نہیں کہا کہ کسی کو پیسے دیں، یہ ہتھکنڈے الیکشن خراب کرنے کے لیے ہیں، اگر کسی سطح پر یہ ہوا ہے تو پیپلزپارٹی اس کی شدید مذمت کرتی ہے۔