اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی رہنمائوں اور ترجمانوں کے اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں مہنگائی کی
روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔ ذرائع نے بتایاکہ آئی ایم ایف پیکج سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزراء اور رہنمائوں کو عوامی رابطوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق چیف جسٹس کی آڈیو کا بھی تذکرہ ہوا وزیر اعظم نے کہاکہ آپ صرف ن لیگ کی تاریخ کو یاد رکھیں،یہ وہی ہیں جنہوں نے جسٹس قیوم سے مرضی کے فیصلے کروائے۔ زیر اعظم نے کہاکہ یہ ایک مافیا ہے جو زاتی مفادات میں اداروں اور شخصیات کو متنازعہ بناتا ہے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ مریم نواز نے 16 مرتبہ عدالتوں سے التوا لے چکی ہے۔وزیراعظم نے رہنمائوں اور ترجمانوں کو ای وی ایم سے متعلق ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آئندہ انتخابات ہر صورت ای وی ایم پر ہی کروائے جائیں گے،آپ زیادہ سے زیادہ ای وی ایم پر لوگوں کے تحفظات کو دور کریں،وزیراعظم نے پارٹی رہنماوں کو ووٹر لسٹوں پر بھی کام کرنے کی ہدایت کی۔