شارجہ (مانیٹرنگ، این این آئی)نیوزی لینڈ نمبیا سے میچ جیت کر سیمی فائنل سے ایک قدم دور رہ گیا ہے، نیوزی لینڈ اپنا آخری گروپ میچ افغانستان کے خلاف کھیلے گا اگر نیوزی لینڈ یہ میچ جیت جاتا ہے تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا پھر اگر مگر کی تمام صورتحال ختم ہو جائے گی لیکن اگر افغانستان سے نیوزی لینڈ یہ میچ ہار جاتا ہے تو پھر افغانستان کے بھی چھ پوائنٹس ہو جائیں گے،
بھارت آج سکاٹ لینڈ سے جیت گیا ہے اس طرح اگر اپنا آخری میچ بھی جیتتا ہے تو افغانستان سے نیوزی لینڈ کی شکست کی صورت میں تینوں کے چھ چھ پوائنٹس ہو جائیں گے پھر جس ٹیم کا رن ریٹ بہتر ہو گا وہی ٹیم سیمی فائنل میں جائے گی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے ایک اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے نمبیبیا کو 164 رنز کا ہدف دینے کے بعد میچ باآسانی 52 رنز سے جیت کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیا،نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 163 رنز بنائے،نمیبیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 111 رنز بنا سکی،نیوزی لینڈ کے جیمز نیشام کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعہ کو شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔نیوزی لینڈ نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی اور دونوں اوپنرزنے 4 اوورز میں 30 رنز کی شراکت قائم کی۔مارٹن گپٹل 18 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ویزے کو وکٹ دے گئے، انہوں نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا تھا۔ڈیرل مچل بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 15 گیندوں پر 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کیوی کپتان کین ولیمسن نے ڈیون کونوے کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے اچھی شراکت کی لیکن ایراسمس نے ان کی 28 رنز کی اننگز 81 کے مجموعے پر سمیٹ لی۔ڈیوڈ کونوے آؤٹ ہونے والے آخری بلیباز تھے،
انہوں نے 18 گیندوں کا سامنا کیا اور 17 رنز بنا کر ایراسمس اور بیرکنسٹوک کے گٹھ جوڑ سے رن آؤٹ ہوئے۔گلین فلیپس اور جیمز نیشام نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹیم کو ایک معقول مجموعے کی طرف گامزن کردیا اور دونوں بلے بازوں نے مقررہ اوورز میں مزید کوئی وکٹ گرنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 4
وکٹوں پر 163 رنز بنا لیے۔فلیپس نے 21 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔نیشام کی 35 رنز کی اننگز 23 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں پر مشتمل تھی۔نمیبیا کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز کیا اور شراکت میں 47 رنز بنائے۔مائیکل وین لینگین 25 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی
مدد سے 25 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے۔اسٹیفن بارڈ 21 رنز بنائے، سینیٹرنے ان کی وکٹیں اڑا دیں تو نمبیبیا کا اسکور 51 رنز تھا۔کپتان ایراسمس بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہیں سکے اور 55 کے اسکور پر ٹم ساؤدھی کو وکٹ دے کر واپس ہوگئے۔تجربہ کار آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے نے 86 رنز تک ٹیم کا ساتھ دیا لیکن ٹم ساؤدھی نے انہیں 16 رنزکی اننگز تک محدود کردیا۔زین گرین نے 23 رنز بنا کر نمیبیا کو 102 رنز بنانے میں
بنیادی کردار ادا کیا لیکن ساؤدھی نے انہیں بھی اپنی وکٹ بنالی۔جین نیکول لوفٹی ایٹون کو بولٹ نے گپٹل کے ہاتھوں کیچ کروا کر باہر کردیا۔کریگ ولیمز بھی کھاتہ کھولے بغیر بولٹ کی وکٹ بن گئے،نمیبیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 111 رنز بنا سکی۔نیوزیلینڈ نے نمیبیا کو باآسانی 52 رنز سے شکست دے کر تیسری فتح حاصل کی اور دو پوائنٹس کے اضافے پر مجموعی 6 پوائنٹ کے ساتھ ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے،نیوزی لینڈ کے جیمز نیشام کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔