دبئی ٗ ابوظہبی (این این آئی)ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست کے بعد سوشل میڈیا پر طنزیہ پیغام جاری کردیا۔ڈیرن سیمی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ میں نے ابھی
ابھی اپنی پلے لِسٹ سے یہ گانا سْنا ہے۔براہِ کرم! کوئی 911 پر کال کرے، میں مصیبت میں ہوں، میں واقعی بڑی مصیبت میں ہوں۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے اپنے ٹوئٹ میں جو گانا لکھا، یہ ہیٹی کے معروف ریپر ‘وائکلف جین’ کا گانا ہے۔دوسری جانب 911 امریکا میں مشکل وقت میں مدد کے لیے ملایا جانے والا نمبر ہے۔ڈیرن سیمی کے اس طنزیہ ٹوئٹ پر شائقینِ کرکٹ کی جانب سے میمز کا سمندر اْمنڈ آیا ہے جس میں وہ بھارت کی ٹرولنگ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔عادل احمد نامی صارف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے دلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ایک خاتون صارف نے آئی سی سی کو مشورہ دیا کہ اْنہیں بھارت، اسکاٹ لینڈ، زمبابوے اور نیمبیا کے لیے مِنی ورلڈ کپ کروانا چاہیے تاکہ یہ ٹیمیں بھی خوش ہوسکیں۔دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ انہوں نے بیٹنگ اور بولنگ میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا۔نیوزی لینڈ کے خلاف شکست پر خراب کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ ان کی ٹیم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی۔انہوں نے کہا کہ میچ سے پہلے ٹیم بے یقینی کا شکار تھی جو ہار کا سبب بنی۔واضح رہے کہ ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔