اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور بالخصوص بابر اعظم اور شاہین آفریدی کی کارکردگی کو سراہا ہے، وزیراعظم نے قومی ٹیم کے نام پیغام میں کہا کہ قوم کو آپ پر فخر ہے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو
بھارت کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، قوم کی دعاؤں اور کھلاڑیوں کی محنت سے آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے فتح حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو، ایشیا کپ ہو یا چیمپئنز ٹرافی جہاں پاک بھارت کرکٹ ٹیمیں آمنے سامنے ہوں تو وہ میچ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میچ بن جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بغیر وکٹ گنوائے مقررہ ہدف پورا کر کے آئی سی سی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں تاریخ بدل ڈالی ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف اس اہم میچ میں شاندار کامیابی ہر مبارکباد پیش کرتے ہیں، قومی کھلاڑیوں نے جانفشانی اور محنت سے کھیل کر جیت اپنے نام کی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی پرفارمنس زبردست رہی، وکٹ کیپر محمد رضوان کو سو کیچ مکمل کرنے اور شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم مزید فتوحات حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی،کرکٹ واحد کھیل ہے جو ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتا ہے، پاکستان کے لوگ کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤرکھتے ہیں۔