اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔یوسف رضا گیلانی کے اسٹاف کے مطابق یوسف رضا گیلانی اٹلی میں کانفرنس میں شرکت کیلئے جارہے تھے، سابق وزیر اعظم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہونے کے
باعث روکا گیا۔اسٹاف کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ سے امیگریشن کروائی تو کہا گیا یوسف گیلانی کا نام ای سی ایل میں ہے۔یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی گئی۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی گئی۔یوسف رضا گیلانی انٹر پارلیمانی یونین اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گے، انٹر پارلیمانی یونین کا اجلاس روم میں ہورہا ہے، جس میں پاکستان کی نمائندگی 5 رکنی وفد کرے گا۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سلیم مانڈی والا نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کوباہر جانے سے روکنا پارلیمان کی توہین ہے۔ اپنے بیان میں سلیم مانڈی والا نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی آفیشل وفد کے ساتھ بیرون ملک کانفرنس میں شرکت کے لئے جا رہے تھے، حکومت بتائے کہ کتنے لوگ ہیں جنہیں ای سی ایل سے نام ہٹاکر باہر جانے کی اجازت دی گئی؟ حکومت کے اس طرح کے دہرے معیار کی شدید مذمت کرتے ہیں۔