لاہور (این این آئی )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے بتا یا ہے کہ ایک چینی کمپنی نے فیصل آباد میں دو کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کر کے پری فیبریکیٹڈ گھر بنانے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت چالیس دن میں پانچمرلے کا گھر تیار ہو جائے گا جس کی قیمت چالیس لاکھ روپے ہوگی۔ دیگر گھروں کے مقابلے میں سستااور جلد بننے والا گھر زلزلے سے محفوظ
ہو گا اور سردی گرمی کے اثرات بھی کم ہوں گے۔سی پیک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو میں خالد منصور نے بتایا کہپاکستان کے فیصل آباد انڈسٹریل زون میں سرمایہ کرنے والی چین کی آٹھ کمپنیوں کے سربراہان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور خصوصی اکنامک زون میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور اپنے مسائل کے حل کے لیے حکومتی کاوشوں کی تعریف کی۔سی پیک اتھارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے چاروں صوبوں میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے گئے ہیں۔ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ ان تمام زونز میں ون ونڈو سسٹم شروع کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری کرنے والوں کو الگ الگ دفاتر میں تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ خصوصی اکنامک زون میں انتظامی کمپنیوں کو مکمل بااختیار کریں گے تاکہ سرمایہ کاروں کے مسائل موقع پر حل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہفیصل آباد خصوصی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں نے زمین لیز پر نہیں بلکہ ملکیتی بنیادوں پر لی ہے۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا چینی کمپنیاں زرعی زمین بھی ملکیتی حقوق پر لیں گی تو ان کا کہنا تھا کہ اس پر ابھی بات نہیں ہوئی۔ ایگری فارم پر ابھی غور کرنا ہے اس سے چین کے تعاون سے زراعت کے شعبے میں بہتری آئے گی۔