لاہور،راولپنڈی ،کراچی ،کوئٹہ ،ملتان،گوجرانوالہ،ایبٹ آباد،سرگودھا،رسالپور( مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)ملک بھر کےکنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ملک کے 41کنٹونمنٹ بورڈز کے 212 وارڈز میں 1560 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے
تک جاری رہا۔غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 63، مسلم لیگ ن کے 59، آزاد امیدوار 52، پیپلزپارٹی کے 17، متحدہ قومی موومنٹ کے 10، جماعت اسلامی کے 7، بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے 2، 2 امیدوار کامیاب قرار پائے۔صوبہ پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام113 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 51، آزاد امیدوار 32،پی ٹی آئی 28 ، جماعت اسلامی 2 وارڈ میں کامیاب ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی ایک بھی وارڈ میں کامیاب نہیں ہوسکی۔صوبہ سندھ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام53 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 14،پیپلزپارٹی 14،متحدہ قومی موومنٹ 10 ،آزاد امیدوار 7، مسلم لیگ ن 3 اور جماعت اسلامی 5 وارڈز میں کامیاب ہوئی۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کنٹونمنٹ بورڈز کے تمام 37 وارڈ کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 18، آزاد امیدوار 9، مسلم لیگ ن 5، پیپلزپارٹی 3 اور عوامی نیشنل پارٹی 2 وارڈز میں
کامیاب ہوئی۔صوبہ بلوچستان میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام9 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 4 ،پی ٹی آئی 3 ، بلوچستان عوامی پارٹی 2 وارڈز میں کامیاب ہوئی۔اس سے قبل ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہو گیا ،مختلف مقامات پر بارش کی وجہ سے صبح کے وقت
ووٹ ڈالنے کی شرح انتہائی کم رہی تاہم دوپہر کے وقت عوام کی بڑی تعدادنے اپناحق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کیا جس کی وجہ سے غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا،مختلف مقامات پر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں لڑائی جھگڑے اور توں تکرار کے واقعات بھی پیش آئے تاہم مجموعی طو رپر حالات پر امن رہے ، کچھ
مقامات پر مخالفین کی جانب سے مبینہ دھاندلی کے الزامات بھی عائد کئے گئے ،پیپلزپارٹی نے کراچی کنٹونمنٹ بورڈزمیں قواعد کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا،سیاسی جماعتوں کے مرکزی اور صوبائی رہنما پولنگ کیمپوں کا دورہ رکر کے کارکنان اور ووٹرز کا حوصلہ بڑھاتے رہے ، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیر سرکاری اور غیر حتمی
نتائج سامنے آنے پر کامیاب ہونے والے امیدوار وں کے حامیوں نے بھرپور جشن منایا ،کامیاب امیدواروں کے حامی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور مٹھائیاں تقسیم کی جاتی رہیں،پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔