نیویارک(این این آئی)افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ہونے والے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان کو پھر خطاب کی اجازت نہ ملی۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کئی ممالک نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف ممالک کے نمائندوں نے خطاب کیا تاہم پاکستان کو ایک بار پھر خطاب کا موقع نہیں دیاگیا۔چین کے نائب مندوب نے سلامتی کونسل میں خطاب میں کہا کہ کچھ ممالک افغانستان کے ہمسایہ ممالک کا وسیع کردار دیکھناچاہتے ہیں لیکن کچھ ہمسایہ ممالک کی سلامتی کونسل اجلاس میں شرکت کی درخواست نہیں مانی گئی۔اس صورتحال پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سلامتی کونسل اجلاس میں شرکت کی درخواست دی، پچھلی بارکی طرح اس مرتبہ بھی پاکستان کو کونسل سے خطاب کا موقع نہیں دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے، ہمیں بھارت کے پاکستان مخالف یکطرفہ رویے پر حیرانی نہیں، یہ اس بات کی دلیل ہے کہ بھارت سلامتی کونسل کی رکنیت کا اہل نہیں، بھارت سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا اہل تو قطعا نہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی افغانستان کی صورتحال پر ہونے والے سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کو موقف پیش کرنے کی اجازت نہیں ملی تھی۔ سلامتی کونسل کی صدارت ان دنوں بھارت کے پاس ہے جو پاکستان مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اہم معاملات پر پاکستان کے مندوب کو بات کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔