کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی بیرون ملک جانے کی درخواست منظور کرلی ہے۔عدالت کی جانب سے شرجیل انعام میمن
کو 30دن کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی۔ سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کو 10لاکھ روپے زرضمانت جمع کرانے کا حکم دیا۔دوران سماعت نیب نے شرجیل میمن کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کی مخالفت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ شرجیل میمن باہر چلے گئے تو واپس نہیں آئیں گے۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی رہنما شرجیل میمن نے اہلخانہ سے ملاقات کے لیے بیرون جانے کی درخواست کی تھی۔اس سے قبل، سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن، ان کی اہلیہ اور ان کی والدہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لیے سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی تھی۔نیب نے ایک ریفرنس دائر کر رکھا ہے جس کے مطابق شرجیل میمن کے 2.43 ارب روپے کے اثاثے ہیں اور انہوں نے متعدد رشتہ داروں کے نام پر جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔