اسلام آباد (این این آئی)پاکستان بار کونسل نے جسٹس محمد علی مظہر کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی مخالفت کردی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان بار کونسل کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں ججز کی تقرری کے حوالے سے قرارداد منظور کی گئی۔
پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں منظور ہونیوالی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ججز کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی جسٹس محمد علی مظہر کی تعیناتی منظور نہ کرے، سپریم کورٹ میں تمام تعیناتیاں سینیارٹی کے اصول کو مدِنظر رکھ کر کی جائیں۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بار کونسل جسٹس محمد علی مظہر کی تعیناتی کی مخالفت کرتی ہے، سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی مخالفت کرتے ہیں، پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری جسٹس محمد علی مظہر کی تعیناتی منظور نہ کرے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن ججز کی تعیناتی کیلئے شفاف اور غیر جانبدار طریقہ کار بنائے، پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتیں 19 ویں آئینی ترمیم ختم کریں، پاکستان بار کونسل احتجاجاً جسٹس مشیر عالم کیلئے الوداعی ڈنر کا انعقاد نہیں کرے گی۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ جوڈیشل کمیشن اپنے رولز میں ترمیم کے لیے فوری اجلاس بلائے، تمام عدالتوں کے رجسٹرار سول سروس کے بجائے عدلیہ میں سے لگائے جائیں، ججز کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں کسی عہدے پر تعینات نہ کیا جائے۔قرار داد کے مطابق عدلیہ میں ججز کی تعیناتی پر آل پاکستان وکلا کنونشن بلایا جائے گا، بار کونسلز سنیارٹی کے اصول اور میرٹ کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔