لاہور( این این آئی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کے سروے نے پنجاب حکومت کا پول کھول دیا ہے،
تین سالہ کارکردگی یہ ہے کہ 46 فیصد عوام پنجاب حکومت سے مایوس ہیں ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عوامی مسائل کے بجائے حکومت کی توجہ انتقامی کاروائیوں پر مرکوز ہے،49 فیصد نے مہنگائی جبکہ 19 فیصد نے بیروزگاری کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا،پنجاب میں روزگار کی فراہمی اور مہنگائی میں کمی کے لئے حکومتی اقدامات کاغذوں تک محدود ہیں۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ بجٹ نے ریلیف کے بجائے لوگوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے،تبدیلی کے دعویداروں نے پنجاب کے عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل کر دیا ہے،57 فیصد عوام کہتے ہیں کہ ملک غلط سمت میں جا رہا ہے، حکومت اپنی کارکردگی کا جھوٹا ڈھول پیٹنا بند کرے اور عوام کی آواز سنے ۔