اسلام آباد، لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) آزادکشمیر انتخابات میں مطلوبہ نتائج نہ ملنے کے بعد مسلم لیگ ن کے مرکزی قائدین میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے پارٹی کے اندر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔روزنامہ 92میں جہانگیر منہاس کی شائع خبر کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے صدر
شہباز شریف آزادکشمیر کے الیکشن میں ن لیگ کی سیٹوں کی کمی کا ذمہ دار مریم نواز اور اس کی انتخابی مہم کو قرار دے رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور سابق وزیراعظم نواز شریف پارٹی کے مرکزی قائدین کی طرف سے ساتھ نہ دینے کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز ن لیگ کے مرکزی قائدین کے اجلاس میں بھی مریم نواز اپنے بیانیے پر قائم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہی کی انتخابی مہم کی وجہ سے ملک کے اندر ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو سیٹیں ملی ہیں۔ انہوں نے ڈھکے چھپے الفاظ میں شہباز شریف کی حکمت عملی پر بھی تنقید کی۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں ن لیگ کو کم سیٹیں ملنے کے حوالے سے پارٹی کے قائدین کے درمیان آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے لئے ابھی تک کوئی ٹھوس منصوبہ سامنے نہیں آیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف اب بھی نہیں چاہتے کہ موجودہ صورتحال میں کوئی جارہانہ حکمت عملی بنائی جائے وہ دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر گامزن رہنا چاہتے ہیں۔