گوجرانوالہ (این این آئی)گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر دو میں قائم پولنگ اسٹیشن پہنچے جہاں سے انہوں نے (ن )لیگ اور مسلم کانفرنس کے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا۔پولنگ روم سے نکالنے پر نون لیگی پولنگ ایجنٹوں نے احتجاج کیا، اس موقع پر مسلم لیگ (ن )کے پولنگ ایجنٹ اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر اور نون لیگی پولنگ ایجنٹ میں تلخ کلامی کے بعد اس پولنگ اسٹیشن پر پولنگ روک دی گئی، نون لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر بھی مذکورہ پولنگ اسٹیشن پہنچے۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے کہاکہ پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ روم سے نکالا تھا۔دوسری جانب پولنگ ایجنٹوں نے موقف اختیار کیا کہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ہمیں روم سے نکال کر دھاندلی کرانا چاہتے ہیں۔اس سے پہلے گوجرانوالہ میں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 35 جموں 2 میں انتخابات کیلئے (ن)لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر نے اپنا ووٹ پولنگ اسٹیشن نمبر 16 میں کاسٹ کیا۔اس سے قبل گوجرانوالہ پولیس نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نمبر 2 میں قائم پولنگ اسٹیشن کے باہر لگایا گیا مسلم لیگ نون کا انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا ۔گوجرانوالہ پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انتخابی کیمپ پولنگ اسٹیشن سے 300 میٹر سے کم فاصلے پر لگایا گیا تھا، ہم نے اب (ن) لیگی کارکنان کو 300 میٹر کے فاصلے پر انتخابی کیمپ لگانے کا کہا ہے۔
مسلم لیگ (ن )کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ پولنگ اسٹیشن کا دورہ ترک کر دیں، یہ ان کا کام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ فارم 45 دیئے بغیر کسی پریزائیڈنگ افسر کو نہیں چھوڑیں گے، رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کا صدر اپنا الیکشن چھوڑ کر حکومتی جماعت کے حق میں دستبردار ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان
میں جو 12 سیٹیں ہیں ان میں سے 5 سیٹیں گوجرانولہ ڈویژن کی ہیں۔نون لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن شروع ہوا توشیدا ٹلی فرما رہے تھے کہ عمران خان 2 تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ رات وہی شیدا ٹلی کہہ رہے تھے کہ حکومت بنائیں گے چاہے ایک سیٹ سے بنائیں۔