لاہور( این این آئی )وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال میں ٹیکسز کے حوالے سے اہداف سامنے آ گئے ۔رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے لئے سیلز ٹیکس کی مد میں 2506 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا جائے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کا ہدف حاصل کرنے کے لئے رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال میں 30فیصد گروتھ حاصل کرناہو گی۔
مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں اشیا ء پر 2500ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں سے سروسزپر6 ارب 61کروڑروپے کاسیلزٹیکس اکٹھاکیاجائے گا۔ رواں مالی سال کیلئے سیلز ٹیکس ہدف 1925 ارب سے زائد ہے، رواں مالی سال جولائی سے مارچ 1415ارب روپے کاسیلزٹیکس اکٹھاہوا جبکہ مالی سال 2018-19 میں جولائی سے مارچ1250ارب جمع ہوئے تھے۔وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 356 ارب روپے، کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 785 ارب، انکم ٹیکس وصولیوں کے لیے گروتھ کا ہدف 22 فیصد اور سیلز ٹیکس وصولیوں میں گروتھ کا ہدف 30 فیصد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں گروتھ کا ہدف 29 فیصد رکھا جائے گا، کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں گروتھ کا ہدف 12.1 فیصد مقرر کرنے، اشیاء پر سیلز ٹیکس کی مد میں 2 ہزار 503 ارب 39 کروڑ
وصول کرنے کا ہدف مقرر کرنے اور سروسز پر سیلز ٹیکس وصولیوں کا ہدف 2 ارب 61 کروڑ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بیوریجز سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 5 ارب 13 کروڑ 50 لاکھ، بیوریجز کنسٹریٹ سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 33 ارب 64 کروڑ 60 لاکھ، سیمنٹ سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 1 کھرب 2 ارب 41 کروڑ 50 لاکھ
جبکہ ٹوبیکو سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 1 کھرب 34 ارب 54 کروڑ 10 لاکھ روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ قدرتی گیس سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 11 ارب 97 کروڑ 20 لاکھ روپے، پیٹرولیم مصنوعات سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 4 ارب 32 کروڑ 80 لاکھ روپے، درآمدی اشیا سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 2 ارب 17 کروڑ روپے اور سروسز سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 14 ارب 95 کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔