اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )رہنما مسلم لیگ ن عطاء تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ نجکاری کے نام پر سرکاری زمینوں کی نیلامی اور بندر بانٹ جاری ہے اور والٹن ایئرپورٹ کی زمینیں وزیراعظم کے دوستوں کو دی جارہی ہیں۔نجی ٹی وی سماء کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہوئے عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ والٹن ایئرپورٹ ایک تاریخی جگہ ہے اسے کیوں نیلام کیا جا رہا ہے۔عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ
شہبازشریف عدالت کے اجازت سے باہر جارہے تھے مگر ان کو روکا گیا اور زلفی بخاری بغیر کسی تفتیش کے باہر چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ترجمان کہہ رہے ہیں کہ زلفی واپس آجائیں گے لیکن اصل سوال یہ ہے کہ وہ باہر کس کی اجازت سے چلے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام پاکستانیوں کےلیے ویزے بند ہیں لیکن زلفی بخاری بیرون ملک چلے گئے۔عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بیانات سے ایسا لگ رہا ہے کہ فہم و فراست نہ ہو تو پھر ٹینشن والی کوئی بات ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے کسان اور مزدور کا گزارہ تنخواہ میں نہیں ہوتا جبکہ ہمارے دور میں مہنگائی 4 فیصد اور جی ڈی پی گروتھ 5 فیصد سے زیادہ تھی۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے معیشت کے حوالے سے اعداد وشمار دیے جا رہے ہیں مگر معاشی ماہرین اس سے متفق نہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک کے 38 فیصد گھرانے مہنگائی سے شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ وزیراعظم کے مشیروں نے وزیراعظم کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ ملک میں سب اچھا ہے۔پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ کل خیبرپختونخوا میں اساتذہ کو ڈنڈے پڑے جس میں پی ایچ ڈی ڈاکٹرز کو جانوروں کی طرح مارا گیا حالاں کہ وہ سرکاری ملازمین اپنی تنخواہوں میں اضافہ ہی تو مانگ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری زیرتفتیش ہونے کے
باوجود بیرون ملک چلا گئے جبکہ آصف زرداری اور شہبازشریف کو بیرون ملک جانے نہیں دیا جارہا۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرپارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت بہتر ہورہی ہے جبکہ ترقی پذیر ممالک جیسے امریکا، چاپان اور جرمنی کی جی ڈی پی گروتھ منفی میں چل رہی ہے۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ دور میں جی ڈی پی گروتھ پائیدار نہیں تھی کیونکہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر تھی اور دوسرا اس وقت کوئی وبائی صورتحال بھی نہیں تھی
۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی ہورہی ہے سفر سست ہوسکتا ہے مگر صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔عطاء تارڑ کے الزمات پر علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اگر عطاء تارڑ کے پاس ثبوت ہیں تو کل لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف درخواست دیں رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نجکاری کررہی ہے اور اگر اس میں کسی غیرقانونی کام کا ثبوت ہے تو وہ عدالت میں لے جائیں اور اگر عطاء تارڑ عدالت نہیں گئے تو یہ اخلاقی کرپشن ہوگی۔زلفی بخاری سے
متعلق علی محمد خان کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری کے خلاف نہ کوئی کیس چل رہا ہے، نہ ان کی کسی عدالت میں طلبی ہوئی ہے اور نہ ہی ان کا نام ای سی ایل پر تھا وہ ایک آزاد شہری ہیں کہیں بھی جاسکتے ہیں۔پروگرام کے دوران اینکر ندیم ملک نے رہنما تحریک انصاف زلفی بخاری کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں صرف 3 دن کے لیے دبئی آیا تھا جبکہ آج رات پاکستان واپس آرہا ہوں۔زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ میرے خلاف نہ کرپشن کا کوئی کیس ہے نہ کوئی مقدمہ درج ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا پاکستان میں ہی رہوں گا۔