اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما کنول شوزب کی ایک مبینہ ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ پارٹی کی بانی رہنما کی ہمشیرہ، علیمہ خان، کے حوالے سے تنقیدی گفتگو کرتی نظر آتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو پارٹی قائدین کی ایک آن لائن میٹنگ کے دوران ریکارڈ کی گئی، جس میں کنول شوزب کو علیمہ خان کے طرزِ عمل پر اظہارِ ناراضگی کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ان کا کہنا ہے کہ “پی ٹی آئی ہماری فیملی ہے، دکھ اس وقت ہوا جب علیمہ خان نے گوہر علی کے متعلق کہا: ‘کون گوہر؟'”
مبینہ ویڈیو میں کنول شوزب یہ بھی کہتی ہیں کہ اگر تنظیمی ڈھانچے اور عہدوں کو اہمیت نہ دی گئی تو پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ “کسی کو منشی کہنا مناسب نہیں، یہ انداز گفتگو پارٹی کے لیے نقصان دہ ہے۔”
مزید برآں، کنول شوزب ویڈیو میں علیمہ خان سے سخت لہجے میں بات کرنے کی بات کرتی ہیں، اور کہتی ہیں کہ “جب بھی علیمہ آپا سے ملاقات ہو گی، میں ان سے کھل کر بات کروں گی اور کہوں گی کہ یا تو وہ باقاعدہ سیاست میں آئیں یا پھر پارٹی کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔”