سیالکوٹ( آن لائن /این این آئی)حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے نازیبا سلوک کے ایک ماہ بعد اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کا پن دادن خان (ضلع جہلم) میں تبادلہ کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے 2 مئی کو ان کے استقبال کے لیے نہ آنے پر سیالکوٹ کے جناح اسٹیڈیم کے قریب رمضان بازار کے دورے کے دوران سونیا صدف کی
سرعام تذلیل کی تھی۔ذرائع نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کا سیالکوٹ سے تبادلہ فردوس عاشق اعوان کی واقعے کے بعد افسر سے ناراضی کے باعث کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ معاون خصوصی نے غیر معیاری پھلوں کی فروخت پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور وہاں چینی کی عدم دستیابی کی ایک خاتون کی شکایت کا بھی نوٹس لیا۔فردوس عاشق اعوان نے افسر سے کہا تھا کہ بازار میں فروخت ہونے والی اشیا کے معیار کو دیکھنا ان کی ذمہ داری ہے اور اسی بات کی انہیں تنخواہ ملتی ہے۔اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف نے تبادلے کے حوالے سے موقف جاننے کے لیے رابطہ کرنے پر کوئی جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ پلادی۔فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران معاون خصوصی نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ دیا اور کہا کہ افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے، آپ اے سی ہیں تو عوام کا سامنا کریں چھپ کیوں رہی ہیں؟فردوس عاشق نے کہا کہ ہر شہر کے رمضان بازار کا دورہ کیا مگر سب سے برا حال سیالکوٹ کا ہے، آپ کی حرکتیں ہی اسسٹنٹ کمشنر والی نہیں۔ڈانٹ ڈپٹ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف غصے سے پنڈال سے باہر نکل گئیں۔واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا۔جبکہ سیالکوٹ رمضان بازار میں فردوس عاشق اور اے سی کے درمیان تلخ کلامی کے واقعے میں اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں قصوروار قرار دے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کوبھجوا دی گئی ہے۔وقوعہ کے وقت اے سی اپنی ایئرکنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھی تھیں، خاتون صارف نے گلے سڑے پھل مہنگے داموں فروخت کی شکایت کی تھی اور شکایت کے وقت بھی اسسٹنٹ کمشنرسونیاصدف موجودنہ تھیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ فردوس عاشق اعوان کے ساتھ ایسی کا رویہ نامناسب تھا، حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم فیصلہ کریں گے۔اے سی سے تلخ کلامی کے بعدفردوس عاشق نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی تھی جس میں فردوس عاشق اعوان نے انہیں تمام واقعے سے آگاہ کیاتھا۔سیالکوٹ میں رمضان بازار کے ناقص انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ پلائی تھی۔