اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)”آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ ” سلسلے کی چوتھی نشست میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک شہری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک درست سمت میں لگ چکا ہے اور اپوزیشن سمجھ ہی نہیں رہی تھی کہ حکومت معاشی مشکلات سے
نکلے گی۔ جن کی سائیکلوں کی دکان تھی آج وہ لندن کے مہنگے ترین علاقوں میں رہ رہے ہیں،جو سائیکلوں پر تھے آج وہ لینڈ کروزر پر آگئے ہیں،قوم اپوزیشن کی چوری بچانے میں انکا ساتھ نہیں دے گی،اپوزیشن کا مقصد صرف ذاتی ہے، یہ چاہتے ہیں کہ حکومت کو بلیک میل کرکے کرپشن کیسز ختم کروائیں جائیں جو کبھی نہیں ہوں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے براہ راست شہریوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مزیدکہا کہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں، اِس وقت بھارت سے تعلقات بہتر کرنا کشمیری شہدا کے خون سے غداری ہوگی۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ بھارت 5 اگست 2019 کا اقدام واپس لے تو بات چیت ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہر مشکل کے بعد آسانی ہے، محنت کے بعد انسان اوپرجاتا ہے، مشکل وقت میں حکومت ملی، کبھی کسی حکومت کو اتنے مسائل نہیں ملے جتنے ہمیں ملے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ قوم کوپہلے دن ہی کہا تھا کہ مشکل وقت سے گزرنا پڑے گا، جب تک آمدنی نہیں بڑھتی مشکل وقت سے گزرنا پڑے گا، مہنگائی اور بیروزگاری،لوگوں کی یہ دو ہی مشکلات ہیں۔عوام 0519224900پر کال کر کے براہ راست وزیر اعظم عمران خان کو اپنے مسائل بیان کر سکتے ہیں۔