کراچی(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے عام آدمی کیلئے پی ٹی آئی دورِ حکومت کو ملکی تاریخ کا سب سے بدترین دور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان دنیا کے واحد حکمران ہیں جو مہنگائی کا خاتمہ کرنے کے بجائے مہنگائی کا نوٹس لیتے ہیں،عمران خان الزامات، دعوئوں، وعدوں اور یوٹرن لینے کے علاوہ اب تک کچھ نہیں کرسکے ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ عمران خان دنیا کے واحد حکمران ہیں جو مہنگائی کا خاتمہ کرنے کے بجائے مہنگائی کا نوٹس لیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دوسروں کے منصوبوں پر تختیاں لگانے کے علاوہ عمران خان اپنا کوئی ایک کارنامہ بتائیں جس سے عوام کو فائدہ ہوا ہو؟۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان الزامات، دعووں، وعدوں اور یوٹرن لینے کے علاوہ اب تک کچھ نہیں کرسکے ہیں، معاشی ترقی کے دعووں میں مصروف عمران خان کو مہنگائی کے مارے عوام کا کوئی احساس نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ بے ضابطگیوں سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پر پردہ ڈالنے سے عمران خان کی کرپٹ حکومت کے کرتوت چھپ نہیں سکتے۔ انہوںنے کہاکہ بڑے کاروباری سیکٹرز کو مراعات دینے سے عام آدمی کی معاشی حالت بہتر نہیں ہوسکتی، مہنگائی کا سامنا کرنے والے پاکستان کے عام آدمی کی حقیقی اجرت مسلسل کم ہوتی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی جانب سے کرونا وائرس کی وبا پر اپنی نااہلی کا ملبہ ڈالنے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے، ملک اپنی تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے اور عمران خان اپوزیشن پر الزامات لگانے میں مصروف ہیں۔