لاہور( این این آئی)سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اسلام آباد میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں ان کے نام سے منسوب ایک عظیم الشان مسجد کے لئے نیسپاک کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر نیسپاک ڈاکٹر طاہر مسعود نے گزشتہ روزمیڈیا کو بتایا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے نیسپاک کو
مسجد کے ڈیزائن کا کام تفویض کیا تھا جو کہ سیکٹر ایچـ10 میں تعمیر کی جائے گی۔ عبدالعزیز گرینڈ مسجد ایک بہت بڑا کمپلیکس ہوگا جو تحقیق ، مکالمہ اور تعلیم کا ایک مرکز ہوگا جہاں علمائے کرام اور طلباء اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ مسجد نماز کے لئے یونیورسٹی کی آبادی کی ضرورت کو بھی پورا کرے گی کیونکہ ہزاروں طلبہ اور عام نمازی اس عظیم الشان مسجد کو استعمال کریں گے۔ مسجد کا مجوزہ ڈیزائین اسلامی فنون لطیفہ اور فن تعمیر کی ایک غیر معمولی مثال ہے۔ مسجد کی تعمیر یونیورسٹی کے بلند و بالا مقاصد کے حصول کی سمت ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔مسجد کے اندرونی ہال میں کافی گنجائش ہوگی جہاں 4000 مرد اور 2000 خواتین نماز پڑھیں گی جبکہ کھلے صحن میں بھی 6000 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ 32 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار اس منصوبے میں اکتالیس ہزار دو سو مربع میٹر کے رقبے کا احاطہ کیا جائے گا۔یہاں ایک لائبریری اور میوزیم ہوگا جبکہ مسجد میں کانفرنسوں کے لئے
محمد بن سلمان آڈیٹوریم بھی ہوگا۔ اس مسجد میں آٹھ ہزار پانچ سو مربع میٹر پر مشتعمل باغ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ، جبکہ 7000 مربع میٹر کی پارکنگ کی جگہ مختص کی گئی ہے۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ یہ مسجد پاکستان میں ایک اور قابل قدر اضافہ ہوگا جس سے دونوں بھائی ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے شاہ سلمان بن عبد العزیز کی مسلم دنیا کی ترقی کے لئے خدمات کی بھی تعریف کی اور بتایا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز مسجد تعلیم کو فروغ دینے کے سعودی عرب کے عزم کی علامت ہوگی ۔