ممبئی(آن لائن)بالی ووڈ کے سلو میاں نے لوگوں کو وارننگ دی ہے کہ اگر کسی نے ان کی فلم ’’رادھے، یور موسٹ وانٹڈ بھائی‘‘ غیرقانونی طور پر دیکھی تو اس کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔بھارتی فلم انڈسٹری کے دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم ’’رادھے‘‘ کو 13 مئی عید الفطر کے موقع پر آن لائن یعنی اسٹریمنگ ویب سائٹ
’’زی فائیو‘‘ پرریلیز کیا گیا تھا۔ تاہم فلم ریلیز ہونے کے کچھ گھنٹوں بعد ہی لیک ہوگئی تھی اورانٹرنیٹ پر ناظرین کے لیے مفت دستیاب تھی۔سلمان خان نے گزشتہ روز انسٹاگرام اسٹوری پر ان تمام لوگوں کے لیے وارننگ بھرا پیغام جاری کیا ہے جو فلم ’’رادھے‘‘ کا پائیریٹڈ ورڑن یعنی فلم کو غیرقانونی طور پر دیکھ رہے ہیں۔سلمان خان نے لکھا ’’ہم نے آپ کو اپنی فلم ’’رادھے‘‘ کو 249 بھارتی روپے کی مناسب قیمت پر دیکھنے کی پیشکش کی ہے۔ اس کے باوجود چند پائیریٹڈ ویب سائٹس فلم ’’رادھے‘‘ کو غیرقانونی طور پر دکھارہی ہیں جو ایک سنگین جرم ہے۔ سائبر سیل ان تمام غیرقانونی سائیٹس کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔‘‘سلمان خان نے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ ’’براہ مہربانی اس غیرقانونی کام میں حصے دار نہ بنیں ورنہ سائبر سیل آپ کے خلاف بھی ایکشن لے گا۔ انہوں نے مزید کہا براہ کرم اس بات کو سمجھیں ورنہ سائبر سیل کی کارروائی سے آپ بہت بڑی مشکل میں پڑجائیں گے۔‘‘واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سلمان خان نے ایک مختصر ویڈیو میں فلموں کو غیرقانونی طور پر دیکھنے والوں کے لیے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا ایک فلم بنانے میں بہت لوگ بہت محنت کرتے ہیں۔ اور ہمیں بہت دکھ ہوتا ہے جب کچھ لوگ پائیریسی کرکے یعنی غیرقانونی طور پر یہ فلم دیکھتے ہیں۔ آپ سب سے یہ کمٹمنٹ مانگتا ہوں کہ صحیح پلیٹ فارم پر فلمز انجوائے کریں۔