کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی کو ایک نجی کنسورشیم کمپنی کی جانب سے صوبے کے ضلع چاغی کے علاقوں تنجیل اور ریکوڈک کے ذخائر کی ترقی کے حوالے سے ایک پیشکش موصول ہوئی ہے۔ بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی کو نیشنل ریسورسز لمیٹڈ ( این آر ایل) نے تنجیل اورریکوڈک کے ذخائرکی ترقی کے حوالے سے تجویز دی ہے،نجی کنسورشیم کمپنی این آر ایل میں 6 مختلف نجی صنعتی کمپنیاں شامل ہیں۔ اعلامیے کے مطابق بلوچستان منرل بورڈ کو نجی کمپنی این آر ایل کے سی ای او شمس الدین کی تجویز کے نمایاں نکات کے حوالے
سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ بلوچستان کا ملک کی ترقی اور معیشت میں بہت اہم کردار ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ،این آر ایل کیس اقدام سے خطے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو سکتا ہے۔کمپنی نے علاقے میں معدنی ذخائرکی تلاش کی اجازت کی درخواست کی ہے، جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری و چیئرمین بی ایم ای سی بورڈعبدالباسط نے این آر ایل کی تجویز کو سراہا اور کہا کہ معاملے کا کمپنی کے ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی جانب سے جائزہ لیاجائیگا، نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کی تنجیل اور ریکوڈک کی ترقی سے متعلق تجویزکو قانون کے مطابق طے کیا جائے گا۔