لاہور(این این آئی) صدر مملکت سے بھارتی سیاستداں اور سابق اداکار شترو گھن سنہا نے ملاقات کی،ملاقات میں برصغیر میں امن کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے پراتفاق کیا گیا۔ہفتہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھارتی سیاستداں اور سابق اداکار شترو گھن سنہا نے لاہور میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران صدر مملکت نے بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے
مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقو ق کی سنگین خلاو ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے بھارتی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر مظالم کو اجاگر کیا،جن کیساتھ شہریت(ترمیمی) ایکٹ2019کے تحت امتیازی سلوک کیاجا رہا ہے۔صدر مملکت نے وزیر اعظم عمران خان کی امن کوششوں کو بھی اجاگر کیا جو بد قسمتی سے مودی حکومت نے ضائع کیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے اس بیان پر کہ آزاد جموں و کشمیر مکمل پر امن علاقہ ہے،بھارتی سیاستداں نے اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ بھارت میں دونوں اطراف کے ارکان پارلیمنٹ کو آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کرنیکی دعوت دینا چاہیئے تاکہ وہ خود زمینی حقائق دیکھ سکیں۔صدر مملکت اور بھارتی سیاستداں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ برصغیر میں امن کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔شتروگھن سنہا کا حالیہ دورہ خاندانی روابط کا تسلسل ہے۔شتروگھن سنہا نے 2001 میں کراچی میں صدر مملکت کے صاحبزادے ڈاکٹر عواب علوی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔