اسلام آباد(این این آئی) اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے ساتھ کام کرنیوالی کمپنی کو انٹرنیٹ ٹریفنکنگ مانیٹرنگ کا ٹھیکہ دینے کے معاملہ پر سینٹ کمیٹی نے حساس اداروں کے حکام کو طلب کرلیا۔ بدھ کو قائمہ کمیٹی کااجلاس چیئر مین سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہوا جس میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے حساس اداروں کے حکام کو طلب کرلیا۔ طلحہ محمود نے کہاکہ حساس اداروں سے معاہدے سے متعلق رائے لی جائے گی،چیئرمین پی ٹی اے کی اس معاملے پر بریفنگ سے مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 26 ستمبر کو قائمہ کمیٹی
کے اجلاس معاملہ دوبارہ زیر بحث آئے گا،چاہتے ہیں حقائق عوام اور میڈیا کے سامنے لائے جائیں۔سینٹر طلحہ محمود نے کہاکہ اب تک متعلقہ کمپنی کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس معاملے پر انتہائی احتیاط سے کام لینا ہوگا،پی ٹی اے سے معاہدے کے زمہ داران کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہاکہ جس کمپنی کے ساتھ کنٹریکٹ ہوا وہ ان ڈائریکٹ اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے ساتھ منسلک ہے۔انہوں نے کہاکہ جس خفیہ کمپنی کے ساتھ یہ کمپنی منسلک ہے اس پر سنگین الزامات ہیں۔