اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ 70 سے زائد سیاسی جماعتوں پرمالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے کی پاداش میں الیکشن لڑنے کی پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن رواں ہفتے 70 سے زائد سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مذکورہ سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات معطل کرکے انہیں الیکشن لڑنے سے روکا جائے گا۔سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر معطل کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے 70 سیاسی
جماعتوں کی فہرست تیار کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف،بلوچستان عوامی پارٹی،عوامی نیشنل پارٹی،ق لیگ،قومی وطن پارٹی،پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے انتخابی نشانات روکے جائیں گے۔بی این پی،بی این پی عوامی،آل پاکستان مسلم لیگ،پاکستان عوامی تحریک،مسلم لیگ ضیاء،پی ٹی آئی گلالئی،تحریک لبیک پاکستان سمیت 70 سے زائد سیاسی جماعتیں فہرست میں شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی،ن لیگ،پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم سمیت 46 سیاسی جماعتوں نے بروقت گوشوارے جمع کرا دئیے ہیں۔