لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما آصف کرمانی نے کہا ہے کہ غریب عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں پاکستان کی ترقی قید ہے، چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کیلئے اپوزیشن کا نمبرگیم پورا ہے ا رہبر کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن کے امیدوار کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما آصف کرمانی نے کہا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں اور لوگوں سے روٹی کا نوالہ چھینا جارہا ہے۔آصف کرمانی نے کہا کہ کوٹ
لکھپت جیل میں پاکستان کی ترقی قید ہے،مگر ظالم حکمران یاد رکھیں کہ اللہ کے ہاں دیر ہے، اندھیر نہیں،وہ دن دور نہیں جب پاکستان کے محبوب قائد نواز شریف عوام کے درمیان ہوں گے۔لیگی رہنما نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی ساری توجہ سیاسی انتقام پر مرکوز ہے، باقی تمام ایشوز پر انہوں نے آنکھ بند کررکھی ہے۔چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کیلئے اپوزیشن کا نمبرگیم پورا ہے اور آج رہبر کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن کے امیدوار کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔