گوجرانوالہ(این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے اسمگل شدہ موبائل فونز کی مبینہ رجسٹریشن میں ملوث 52 ٹریول ایجنٹ اور موبائل شاپ مالکان کا پتہ لگاتے ہوئے ان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سائبر کرائم ونگ کے انچارج آصف اقبال نے میڈیا اداروں کو بتایا کہ کئی افراد نے ڈپٹی ڈائریکٹر کو درخواست جمع کرائی کہ کسی نے ان کے پاسپورٹ نمبر کا استعمال کرتے ہوئے اسمگل شدہ موبائل رجسٹر کرالیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ چند ٹریول ایجنٹ اور موبائل شاپ
مالکان اس فراڈ میں ملوث ہیں۔آصف اقبال کے مطابق سائبر کرائم ونگ نے عمرہ کے لیے جانے والے افراد کے پاسپورٹ نمبر سے اسمگل شدہ موبائل فونز کی رجسٹریشن میں ملوث 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور 52 ٹریول ایجنٹ اور موبائل شاپ مالکان کی فہرست تیار کی ہے جو مبینہ طور پر اسمگل شدہ موبائل فون کی رجسٹریشن میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ چیک کیا گیا، 5 ہزار سے زائد موبائل فونز کو غیر قانونی طور پر رجسٹر کیا گیا جس سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔