کراچی (آن لائن)وفاق اور سندھ حکومت میں تناؤ بڑھ گیا۔سندھ حکومت اہم فیصلوں اور مشاورت میں نظر انداز، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کراچی سے متعلق سندھ حکومت کو آگاہ نہیں کیاگیا۔کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما بھی موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق وفاق اور سندھ حکومت میں تناؤ شدت اختیار کرگیا ہے۔وفاق نے صوبے اور بالخصوص کراچی کے حوالے سے فیصلوں اور مشاورت میں
سندھ حکومت کو نظر انداز کردیا ہے۔ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کراچی سے متعلق سندھ حکومت کو آگاہ نہیں کیا گیا جس کے باعث وزیر اعلیٰ سندھ بیرون ملک روانہ ہوگئے۔جبکہ وزیر اعظم کے کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ون آن ون ملاقات ہوئی، ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سمیت اہم امور پر بات چیت ہوئی ملاقات میں گورنر سندھ نے تاجروں کے مسائل اور مطالبات سے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے وزیر اعظم کو صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کو ساتھ لے کر چلیں گے، کراچی کی تاجر برادری معیشت کا اہم حصہ ہے۔ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ دینا ہوگا۔ کراچی میں جاری منصوبوں کے لیے وفاق بھی تعاون جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم نے کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔