کرائسٹ چرچ (آئی آئی پی) نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈرا آرڈرن نے سیمی آٹومیٹک اور آٹومیٹک اسلحہ کی فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی ہے انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی دہشت گرد نے عمومی اسلحہ لائسنس کے ساتھ ایسا اسلحہ خرید کر دہشت گردی کی اور کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں معصوم لوگوں کا قتل عام کیا ۔ جمعرات کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے اسلحہ ڈیلرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سیمی آٹومیٹک اور
آٹومیٹک اسلحہ کی فروخت ہرگز نہ کی جائے جسے ممنوعہ اور خطرناک قرار دیا گیا ہے خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے گن ریٹیلرز ہنٹنگ اینڈ فشنگ کے سی ای او ڈیرن جیکب نے کہا ہے ہم ایسے اسلحہ پر مستقل پابندی کے حکومتی فیصلہ کی حمایت کرتے ہیں یہ کوئی امریکہ نہیں ہے کہ ہر کوئی اپنی مرضی کا اسلحہ خرید کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتا پھرے ۔